لاہور میں بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

لاہور میں رات گئے اور آج صبح ہلکی بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی ۔لاہور کے بعد کراچی میں بھی بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں شمال مشرق سے ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور اور گرد و نواح میں آئندہ 12 گھنٹے میں بارش کا امکان ہے اور صبح 8 بجے درجہ حرارت 10 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور کم سے کم درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔پنجاب کے کئی دیگر شہروں میں بھی ہلکی بارش ہوئی ہے۔کمالیہ شہر اور گرد و نواح میں بوندا باندی کے بعد موسم سرد ہوگیا جب کہ بہاول پور شہر میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جس کے پیش نظر موسم سرد اور خشک رہے گا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب بالائی علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں ہیں، گلگت اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، مکران کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔