لاگت کی تفصیلات پنجاب اسمبلی میں پیش

اورنج لائن ٹرین منصوبے پر لاگت کی تفصیلات پنجاب اسمبلی میں پیش کردی گئیں‘ ایک ارب 22 کروڑ ڈالر کی رقم خرچ ہوچکی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق منصوبے پر اب تک ایک ارب 22 کروڑ ڈالر کی رقم خرچ ہوچکی ہے، منصوبہ رواں سال 30 جولائی تک مکمل ہوجائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اورنج لائن منصوبے کی تعمیرکے دوران 14 انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 21 لاکھ 78 ہزار روپے ادا کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے ایک ہزار 65 کنال رقبہ اراضی ایکوائر کی گئی۔

واضح رہے کہ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے شروع کیا جس کا کل تخمینہ ایک کھرب 65 ارب روپے لگایا گیا تھا تاہم منصوبے میں رکاوٹوں کے باعث یہ تاخیر کا شکار ہوگیا اور اس کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔