جنرل اسمبلی کی صدر پاکستان کا دورہ کریں گی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی۔

ماریہ اسپینوزا کی ترجمان مونیکا گریلے نے  بتایا کہ جنرل اسمبلی کی صدر حکومت پاکستان کی درخواست پر 18 سے 22 جنوری کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گی۔ترجمان نے بتایا کہ ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ایشیاء کا ان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔مونیکا گریلے کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گی۔
ترجمان کے مطابق ماریہ اسپینوزا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور کثیرا لجہت مقاصد کے فروغ کے حوالے سے پرامید ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ماریہ اسپینوزا کے دورہ پاکستان کی تفصیلات بتائیں۔