پولیس اہلکارکی ہلاکت، سابق وزیراعظم کے خلاف دعویٰ دائر

raja pervaiz ashraf
Avatar WebDesk 2 , جنوری 12, 2019

ٹریفک حادثے میں پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت پر سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور ان کے ڈرائیور عابد نواز کے خلاف عدالت میں دعویٰ دائر کردیا گیا۔

واضح رہے کہ واقع گزشتہ سال پیش آیا تھا۔

مدعی اورنگزیب عباسی، جنہوں نے ‘مہلک حادثات ایکٹ 1855’ کے تحت عدالت میں دعویٰ دائر کیا، نے ٹریفک حادثے میں اپنے بیٹے پولیس کانسٹیبل ذیشان عباسی کے ہلاک ہونے پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ان کے ڈرائیور عابد نواز کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف 2 کروڑ روپے تلافی معاوضے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

درخواست کے مطابق ’22 ستمبر 2018 کو ذیشان اپنی ذاتی موٹر سائیکل نمبر آر آئی این 737 پر اسلام آباد سے فیض آباد آرہا تھا کہ اس دوران تیز رفتار لینڈ کروزر نمبر جی یو 027، جو مدعا علیہ نمبر 2 (عابد نواز) چلا رہا تھا، نے ان کے بیٹے کی موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ذیشان شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا’۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ حادثے کے بعد ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم انہوں نے ضمانت حاصل کرلی، مدعی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کیوں کہ مذکورہ گاڑی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ملکیت ہے، اس لیے وہ بھی مذکورہ حادثے کے ذمہ دار ہیں۔

مدعی کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا گھر کا کفیل تھا اور عدالت سے استدعا کی کہ انہیں مدعا علیہ سے 2 کروڑ 6 لاکھ 47 ہزار 2 سو روپے زر تلافی دلوایا جائے۔

عدالت نے کیس کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور ان کے ڈرائیور کو 17 جنوری کو طلب کرلیا۔

khouj

Established in 2017, Khouj is a news website, which aims at providing news from all the spheres of life. In the contemporary world, Khouj News aims at providing authentic news unlike other major news sources on social media.