پنجاب حکومت اوراپوزیشن میں ترمیم پر اتفاق

پنجاب حکومت اور اپوزیشن میں گرفتار صوبائی ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوگئی ہے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا جس کے ایجنڈے میں پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے اختیارات سے متعلق ترمیم شامل کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسمبلی قواعد و ضوابط میں ترمیم کو ایوان سے منظور کروا کر فوری نافذ العمل کیا جائے گا جس کے نتیجے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بھی پروڈکشن آرڈر جانے کرنے کا اختیار مل جائے گا۔

ترمیم منظور ہوتے ہی مسلم لیگ ن اپنے گرفتار ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق کو ایوان میں لانے کی درخواست کرسکے گی اور ان کے لئے رواں سیشن میں ہی پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر حکومت پنجاب اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور طے ہوگیا۔ قائمہ کمیٹیوں کے معاملے پر بدھ کے روز بیٹھک ہوگی جس میں حمزہ شہباز کو پی اے سی کی چیئرمین شپ دینے کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

واضح رہے کہ قائمہ کمیٹیوں کے معاملے پر دونوں فریقوں کی پہلے بھی ایک ملاقات ہوچکی ہے۔