پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں

WebDesk 4 WebDesk 4 , مئی 16, 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلئے کھل جائیں گے اور مرحلہ وار انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوں گی۔

رواں سال ستمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرے گا جبکہ آئندہ سال ایم سی سی کی ہائی پروفائل ٹیم پاکستان آئے گی۔ اگلے تین سال میں پاکستان انگلینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی کرکے اس جمود کو توڑنا چاہتا ہے۔ پی سی بی نے اس سلسلے میں ایک مربوط پروگرام تشکیل دیا ہے۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے بتایا کہ 27 اور 28 مئی کو سنگا پور میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہورہی ہے جہاں میں اور احسان مانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ میٹنگ میں ہم سری لنکا کرکٹ سے ستمبر اکتوبر کی سیریز کیلئے بات پکی کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ جون میں سری لنکا سے سیریز کی تفصیلات طے ہوجائیں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ اگلے سال ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، مجھے امید ہے اور ایم سی سی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی ایک ہائی پروفائل کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجے گا، انگلینڈ میں میری انگلش کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے بات چیت ہوئی ہے، 2022 میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اس سے قبل ہم انہیں قائل کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات اب بہت بہتر ہیں اس لیے آپ اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹام ہیری سن اگلے دو تین ماہ میں پاکستان آرہے ہیں، ہم انہیں سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دیں گے، یہ مثبت قدم ہے، ابھی ٹام ہیری سن نے پاکستان آنے کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ہم دو سال میں انگلش ٹیم کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

khouj

Established in 2017, Khouj is a news website, which aims at providing news from all the spheres of life. In the contemporary world, Khouj News aims at providing authentic news unlike other major news sources on social media.