پاکستان اور آسٹریلیا آج مدمقابل ہوں گے

انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ آج ٹاؤنٹن  کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ کا یہ بڑا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ اگر دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو میگا ایونٹ میں یہ اب تک 9 بار آمنے سامنے آئیں ہیں اور آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے ،گرین شرٹس نے 4 میں فتح حاصل کی جبکہ کینگروز نے 5 میں کامیابی سمیٹی۔

اگر موسم پر نظر ڈالی جائے تو آج کے میچ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔شہر میں منگل کو بھی بادلوں کا راج رہا اور قفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا  البتہ آج موسم میں بہتری کی بھی پیش گوئی ہے اور بارش کے امکان 70 سے صرف 20 فیصد رہ گئے ہیں۔

منگل کو ہونے والی بارش کے باعث دونوں ٹیموں کو گراؤنڈ میں پریکٹس کا موقع نہ مل سکا۔ گرین شرٹس کے چھ کھلاڑیوں نے ان ڈور ہال میں پریکٹس کی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی ہلکی پھلکی ٹریننگ کی۔