آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

کرکٹ ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا کی ٹیم محمد عامر کی شاندار بولنگ کے باعث 49 اوورز میں 307 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جواب میں پاکستان نے 44.4 اوورز میں 9 وکٹوں پر 265 رنز بنالیے ہیں۔

محمد عامر نے اپنے کیریئر کی شاندار بولنگ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ایک روزہ میچوں میں 5 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا اور آسٹریلیا کو 307 رنز تک محدود کیا۔

ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ پر گھاس اور نمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز کی منصوبہ بندی کے برعکس آسٹریلیا کو ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے بہترین آغاز فراہم کیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 146 رنز بنائے۔ ایرون فنچ کو محمد عامر نے شکار کرکے پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔ اس دوران پاکستان کی فیلڈنگ انتہائی ناقص رہی اور کئی کیچ ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ کئی مواقع پر مِس فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 29 ویں اوور میں 189 رنز پر گری۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آسٹریلیا باآسانی 350 رنز بنا لے گا لیکن پاکستانی بولرز اور فیلڈرز کا رویہ یکسر تبدیل ہوا اور پاکستان میچ میں واپس آتا دکھائی دیا۔ 42 ویں اوورز میں آسٹریلیا کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 تھا مگر پاکستانی بولرز نے آخری سات اوورز میں صرف 19 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور دفاعی چیمپیئن کو 307 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ 

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا۔ صرف دو کے مجموعی اسکور پر فخر زمان غیر ذمہ دارانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہ کوئی رن نہ بناسکے۔

دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور امام الحق نے اسکور 56 تک پہنچایا، اس موقع پر بابر اعظم 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد حفیظ امام الحق کا ساتھ دینے آئے اور دونوں نے اسکور 136 پر پہنچادیا۔ اس موقع پر امام الحق 75 گیندوں پر 53 رنز بناکر کمنز کا شکار بن گئے۔ مجموعی اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد محمد حفیظ بھی 46 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔147 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ 160 کے اسکور پر آصف علی صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 15 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شاید آپ یہ خبریں بھی پسند کریں

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept