کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں ایک بارپھردھوکا دے گی

کیا پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں ایک بار پھر شائقین کو دھوکا دے گی یا گرتی گراتی ٹورنامنٹ کا اختتام دھماکے کے ساتھ کرے گی ؟۔

ویسٹ انڈیز کے بعد آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست نے سینئر بیٹسمینوں کی غیر ذمہ داری کی قلعی کھول دی ہے جبکہ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پچ پر گھاس تھی ہم نے خراب بولنگ کی، محمد عامر کے علاوہ کوئی بولر پچ سے مدد نہ لے سکا۔

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ابتدائی چار میں سے دوسرا میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کا سفر مزید مشکل ہوگیا ہے لیکن سیمی فائنل کھیلنے کے لئے گرین شرٹس کو اگلے پانچ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

بقیہ میچوں میں پاکستان کے پاس غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہے، کپتان سرفراز احمد نے بھی اعتراف کیا کہ اگر ہم نے بڑی ٹیموں کو ہرانا ہے تو کم سے کم غلطیاں کرنا ہوں گی۔

اتوار کو پاکستان کو ٹورنامنٹ کے سب اہم میچ میں روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرنا ہے جبکہ جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر پاکستان ٹاپ فور میں جگہ بناسکتا ہے۔

اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں پاکستان نے واحد کامیابی فیورٹ انگلینڈ کے خلاف حاصل کی جبکہ برسٹل میں سری لنکا کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے سے پاکستان کو ایک پوائنٹ ملا، گرین شرٹس کو پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز اور چوتھے میچ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے شکست دی۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو 10 ٹیموں کے اس ورلڈ کپ میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، نیوزی لینڈ تینوں میچ جیت کر ٹاپ پر ہے، آسٹریلیا نے چار میں سے تین میچ جیتے، اس طرح وہ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ نے تین میں سے دو اور بھارت نے بھی اپنے دونوں میچز جیتے ہیں۔

اگلے میچز میں اچھے رن ریٹ کے ساتھ فتح ہی پاکستانی کشتی کو کنارے لگاسکتی ہے، غیر ملکی کوچز اور بڑی تنخواہوں والے سلیکٹرز کی موجودگی میں بھی 15 رکنی ٹیم کی کارکردگی توقعات سے انتہائی کم تر ہے۔