پہلا سیمی فائنل، بھارت ورلڈ کپ سے آؤٹ

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مخالف ٹیم کو 240رنز کا ہدف دیاجبکہ بھارت کی پوری ٹیم 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

مانچسٹر میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کے پہلے سیمی فائنل نے نیوزی لینڈ کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیکر ورلڈ کپ کی دوڑ سے آؤٹ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019ء کے سلسلہ میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 221 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا لیکن دوسرے اوور میں روہت شرما ایک رن بنا کر لیتھم ہینری کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کے ایل راہول کا ساتھ دینے کے لیے بھارتی کپتان ویرات آئے جو تیسرے اوور میں بولٹ کی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جب کہ چوتھے اوور کا آغاز ہوتے ہی بلے باز راہول بھی لیتھم ہینری کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی چوتھی وکٹ 24 کے مجموعے پر گری اور کارتھک 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ریشب پنٹ اور ہاردک پانڈیا 32، 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں کو مچل سینٹنر نے آؤٹ کیا۔ ایک موقع پر بھارت کے 6 کھلاڑی 92 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے لیکن مہندرا سنگھ دھونی اور رویندرا جڈیجہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت نے میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔ جڈیجہ 48 ویں اوور میں 59 گیندوں پر چار چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتحیاب نہ کرا سکے۔ بھارت کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 31 رنز درکار تھے، دھونی نے 49 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا لیکن پھر اگلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل کی شاندار تھرو پر دو رنز لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے جسے بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، نیوزی لینڈ نے آج اپنی ادھوری اننگز مکمل کی اور بقیہ 3.5 اوورز میں 28 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے مجموعی طور پر 239 رنز بنائے اور بھارت کو 240 رنز کا ٹارگٹ دیاتھا۔

You might also like