پہلا دن ختم، قومی ٹیم نے 2 وکٹوں پر17 رنز بنا لیے

جنوبی افریقہ کی ٹیم تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 262 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی‘ قومی ٹیم کے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 17 بنائے۔ 

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایڈن مرکرم کے ہمراہ اننگز کا آغاز کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا اور 6 کے مجموعی اسکور پر کپتان 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ایڈن مرکرم اور ہاشم ا?ملہ نے 126 رنز بناکر ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچایا لیکن اوپنر ایڈن مرکرم نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 90 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔ 

جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 154 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہاشم آملہ 41 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ تھما بیٹھے۔ اس کے بعد ڈی بریون اور زبیر حمزہ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 75 رنز بنائے تاہم ڈی بریون 49 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جب کہ پانچویں وکٹ ٹیمبا باووما کی گری جو محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔زبیر حمزہ بھی محمد عامر کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 41 رنز بنائے۔

فیلنڈر ایک رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جب کہ کگیسو ربادا بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹے۔ پروٹیز کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کوئنٹن ڈی کوک تھے جو 18 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے جب کہ اولیویئر بھی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

دوسری جانب جنوبی افریقن ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد جب پاکستانی ٹیم نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر شان مسعود اور اظہر علی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ پہلے روز کے اختتام پر قومی ٹیم کے 17 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں جبکہ گریس پر امام الحق اور محمد عباس موجود ہیں۔