وائی فائی یا کنکشن کے بغیرکال کرنے میں مددگارایپ

میش ٹاک نامی یہ ایپ صارفین کو کالز، تحریری پیغامات، تصاویر یا ویڈیوز وغیرہ بغیر موبائل فون کنکشن، ڈیٹا، وائی فائی یا انٹرنیٹ کے بھیجنے اور موصول کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے

اسمارٹ فونز تو سب سے استعمال کرتے ہیں اور میسجنگ اپلیکشنز کے ذریعے دیگر افراد سے رابطے میں رہتے ہیں، مگر کئی بار ایسا ہوتا ہے جب کسی وجہ سے وائی فائی یا موبائل کنکشن تک رسائی ناممکن ہوجاتی ہے، ایسے حالات کے لیے ایک ایپ حل بن کر سامنے آئی ہے۔

میش ٹاک نامی یہ ایپ صارفین کو کالز، تحریری پیغامات، تصاویر یا ویڈیوز وغیرہ بغیر موبائل فون کنکشن، ڈیٹا، وائی فائی یا انٹرنیٹ کے بھیجنے اور موصول کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے ۔

جی ہاں واقعی موبائل فون بنانے والی کمپنی اوپو نے اس نئی کمیونیکشن ٹیکنالوجی کو اس ایپ میں متعارف کرایا ہے جو لوگوں کو سیلولر نیٹ ورکس، وائی فائی یا بلیوٹوتھ کے بغیر لوگوں کو چیٹ یا کال کی سہولت فراہم کرے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ ایپ چار دیواری سے باہر 3 کلومیٹر کے علاقے کو کور کرسکے گی بلکہ پرہجوم ماحول میں یہ زیادہ فاصلے تک کام کرسکے گی۔ یہ ایپ اوپو کے فونز پر کام کرے گی اور ان ڈیوائسز میں ایک ایڈہاک لوکل ایریا نیٹ ورک وسیع علاقے کے لیے تیار کرے گی جس سے لوگ بغیر کسی کنکشن یا انٹریٹ کے بھی ایک دوسرے سے بات کرسکیں گے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ میش ٹاک سے بیٹری لائف متاثر نہیں ہوگی اور 72 گھنٹے اسٹینڈبائی موڈ پر بھی کام کرے گی تاکہ چارج نہ ہونے یا ہنگامی حالات میں بھی لوگ اس ایپ کے ذریعے مدد حاصل کرسکیں یا اپنے پیاروں سے رابطہ کرسکیں۔

ویسے تو ایسی دیگر ایپس بھی موجود ہیں جو وائی فائی یا سیلولر کنکشن کے بغیر کام کرتی ہیں مگر اوپو کی ایپ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے تیار کی گئی ہے اور آپ ڈیوائس کو ڈبے سے نکالتے ہی دیگر سے رابطے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ایپ اس وقت مددگار ثابت ہوسکے گی جب صارفین انٹرنیٹ کی رسائی سے محروم ہو یا موبائل نیٹ ورکس کام نہ کررہے ہوں، جبکہ قدرتی آفات کے دوران بھی اس کے ذریعے لوگوں کی زندگیاں بچانے میں مدد مل سکے گی۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ ایپ اوپو کے موجودہ فونز میں کام کرے گی یا اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

You might also like