جدید اورطاقتورترین سام سنگ فون دستیاب

امریکا میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران گلیکسی نوٹ 10 اور گلیکسی نوٹ 10 پلس متعارف کرادیے گئے

اسمارٹ فون بنانے والی جنوبی کورین کمپنی ’سام سنگ‘ نے طویل انتطار کے بعد اپنے سب سے طاقتور اور جدید ترین ورژن کے حامل 2 نئے اسمارٹ فون متعارف کرادیے۔ سام سنگ نے امریکا میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران گلیکسی نوٹ 10 اور گلیکسی نوٹ 10 پلس متعارف کرادیے۔

ان فونز کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے میڈیا میں خبریں جاری تھیں اور ان کے ڈیزائن اور فیچرز کے حوالے سے متعدد خبریں سامنے آئیں اور اب کمپنی نے فونز کو متعارف کرا کر صارفین کا انتظار ختم کردیا۔

متعارف کرائے گئے نئے فونز کے حوالے سے کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فون اب تک کے دنیا کے سب سے طاقتور ترین فون ہیں، ساتھ ہی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان فونز میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے بہترین فیچرز اور ورژنز کو استعمال کیا گیا ہے۔

samsung phone1

سام سنگ کے نئے فونز کو جہاں اب تک کے طاقتور ترین اور جدید ترین فون قرار دیا جا رہا ہے، وہیں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان موبائلز کے کیمرے کو ماضی کے تمام موبائلز سے بہتر بنایا گیا ہے۔

اس بار گلیکسی نوٹ کے دونوں موبائلز کے کیمرے میں اے آر ٹیکنالوجی سمیت ان میں تھری ڈی فیچر بھی دیا گیا ہے اور کیمرے کے رزلٹ کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ دونوں موبائل کی قیمت کمپنی کے ماضی کے متعارف کرائے گئے فونز سے کہیں زیادہ ہیں۔

 

گلیکسی نوٹ 10 کی قیمت 950 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد جب کہ گلیکسی نوٹ 10 پلس کی قیمت 1100 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 175 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔

گلیکسی نوٹ 10

 

samsung phone2

پاکستانی تقریبا ڈیڑھ لاکھ روپے کی قیمت کا یہ موبائل 8 جی بی ریم کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ گلیکسی نوٹ 10 کا اسکرین 4۔6 انچ کا ہے اور اس میں پہلی بار ایسے فیچرز دیے گئے ہیں جو سام سنگ کے ماضی کے موبائل میں نہیں تھے۔

اس موبائل میں آڈیو زوم کا فیچر بھی دیا گیا ہے جو صارف کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ کسی بھی شخص کی آواز کو فوکس کرکے زوم کرے، یہ فیچر کیمرے کے زوم کی طرح کام کرتا ہے۔ گلیکس نوٹ 10 میں 4 کیمرے دیے گئے ہیں جن میں سے 3 بیک ریئر کیمرے ہیں جب کہ ایک فرنٹ کیمرا ہے۔

اس موبائل کے چاروں کیمرے جہاں کمپنی کے متعارف کرائے گئے اب تک کے تمام موبائل سے میگا پکسل میں آگے ہیں، وہیں ان کیمروں میں ایڈیٹنگ، اے آر ٹیکنالوجی اور تھری ڈی کے فیچر دے کر انہیں سب سے بہترین کیمرے بنایا گیا ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 پلیس

پاکستانی ایک لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کی قیمت کے اس موبائل میں 12 جی بی ریم دی گئی ہے۔ یہ کمپنی کا پہلا موبائل ہے جس کا اسکرین سب سے بڑا ہے، اس موبائل کا اسکرین 8۔6 انچ ہے اور ساتھ ہی یہ موبائل اب تک کمپنی کا سب سے پتلا اور مضبوط فون بھی ہے۔

گلیکس نوٹ 10 پلس میں جہاں سب سے زیادہ طاقتور بیٹری دی گئی ہے، وہیں اس میں 45 وولٹیج کا چارجر بھی دیا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کو محض 30 منٹ تک چارج کرنے سے اس کی بیٹری پورا دن چلائی جا سکتی ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 پلس کی سب سے اہم بات اس کے 5 کیمرے ہیں، جن میں سے 4 کیمرے بیک پر دیے گئے ہیں۔ گلیکسی نوٹ 10 پلس اور گلیکسی نوٹ 10 کے صارفین اپنی ویڈیوز کو خود آفیشل ایڈیٹر کی طرح ایڈٹ کر سکتے ہیں۔ اس فون میں بھی آڈیو زوم سمیت کئی ایسے نئے فیچرز دیے گئے ہیں جو پہلے سام سنگ کے کسی موبائل میں نہیں دیے گئے تھے۔

You might also like

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept